ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سپریم کورٹ نے تیستا سیتلواڑ کو اپنی فلم کی پریمیئر کے لیے ایمسٹرڈیم جانے کی اجازت دی

سپریم کورٹ نے تیستا سیتلواڑ کو اپنی فلم کی پریمیئر کے لیے ایمسٹرڈیم جانے کی اجازت دی

Thu, 24 Oct 2024 11:01:52    S.O. News Service

نئی دہلی، 24/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) لائیو لاء کی رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ نے پیر کے روز معروف سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ کو ان کی ڈاکیو منٹری فلم "سائیکل مہیش" کے عالمی پریمیئر کے لیے ایمسٹرڈیم جانے کی اجازت دی ہے۔ تیستا کے وکیل کپل سبل نے وضاحت کی کہ تیستا کو 14 نومبر سے 24 نومبر تک نیدر لینڈ کے دورے کے لیے ویزے کی درخواست دینے کے لیے ان کا پاسپورٹ 30 دن قبل جاری کرنا ہوگا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ تیستا کو نیدر لینڈ میں ایمسٹرڈیم میں ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے لیے دعوت نامہ موصول ہوا ہے، جہاں وہ "سائیکل مہیش" کے پروڈیوسر کی حیثیت سے شرکت کریں گی اور یہ فلم بین الاقوامی مقابلے میں پیش کی جائے گی۔

گجرات حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے تشار مہتا نے عدالت میں کہا کہ وہ تیستا سیتلواڑ کی سفر کی مخالفت کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ ایسا کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ انہیں پہلے ہی معلوم ہے کہ ایک ریاست کے ساتھ کیا کیا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے، جسٹس بی آر گوئی اور کے وی وشوناتھن کی بنچ نے تیستا کو ملائشیا جانے کی اجازت دی تھی، بشرطیکہ وہ اپنی واپسی کی ضمانت فراہم کریں اور 10 لاکھ روپے بطور ضمانت جمع کرائیں۔ اس کے علاوہ، ملائشیا کی کانفرنس ختم ہونے کے بعد تیستا کو اپنا پاسپورٹ واپس کرنا ہوگا۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال سپریم کورٹ نے تیستا کو 2002 کے گجرات مسلم کش فسادات میں جعلی ثبوت کے معاملے میں ضمانت دی تھی، حالانکہ اس سے پہلے گجرات ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ عدالت نے یہ شرط بھی عائد کی تھی کہ تیستا کا پاسپورٹ سیشن کورٹ کے دائرہ اختیار میں رہے گا۔


Share: